سکیورٹی فورسز نے گوادر شہر اور گبد بارڈر کراسنگ کے اطراف دہشتگردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کلیئرنس آپریشن کے دوران خاتون سمیت 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، تاہم حملے میں ایک شہری شہید اور متعدد گاڑیاں نقصان کا شکار ہوئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی سرپرستی میں کی جانے والی دہشتگردی کی کوشش کے بعد گوادر شہر اور گردونواح میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا، جس میں 10 دہشتگرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کا مقصد بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کے عمل کو نقصان پہنچانا اور ریاستی عملداری کو چیلنج کرنا تھا، تاہم سکیورٹی فورسز نے ان عزائم کو ناکام بنا دیا۔ آپریشن مکمل ہونے کے بعد علاقے میں امن و امان اور ریاستی عملداری بحال کردی گئی ہے۔
ترجمان پاک فوج کے بیان میں خاتون دہشتگرد کی حملے میں شمولیت کو بلوچ خواتین کی حرمت کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ دہشتگرد عناصر بلوچ خواتین کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے، پروپیگنڈا پھیلانے اور عوامی جذبات بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بیان کے مطابق بلوچستان کے عوام اپنے نام پر خون بہانے والے عناصر کو مسترد کرتے آئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ عزم استحکام کے تحت ملک بھر میں انسداد دہشتگردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
