Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فسادی جتھے کے مسلح شرپسندوں کی سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ، ایف سی اہلکار شہید، حملہ آور ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کردیا

 آزاد جموں و کشمیر میں عوامی حقوق کی آڑ میں فسادی جتھے کے شرپسند پُرتشدد کارروائیوں پر اتر آئے۔

آزاد جموں وکشمیر پولیس کے مطابق چھترہ ٹوپی روڈ پر قائم کوپرہ پولیس چوکی (ضلع باغ) اور تراڑکھل ایکسز پر فسادی جتھے کے مسلح شرپسندوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ فسادی جتھے کے بزدلانہ حملے میں ایف سی اہلکار رحیم گل شہید جبکہ پاکستان رینجرز کا اہلکار زخمی ہوا۔

ترجمان آزاد کشمیر پولیس نے بتایا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے بے مثال جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائرنگ کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔

سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کردیا جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضہ سے 2 ہینڈ گرنیڈ، ایک کلاشنکوف،3 میگزین معہ ایمونیشن اور ایک خنجر برآمد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی، شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ترجمان آزاد کشمیر پولیس نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملہ آور شرپسندوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، ریاست کی بالادستی اورامن عامہ کے قیام کے لیے پرتشدد عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت ترین کارروائی ہوگی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version