Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیٹرولیم لیوی میں کمی کی امید؟ شہباز شریف اور حافظ نعیم کی اہم ملاقات آج ہو گی

حکومت اور جماعت اسلامی کی تکنیکی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان گزشتہ دو روز میں دو ملاقاتیں ہوچکی ہیں

پیٹرولیم لیوی میں کمی یا خاتمے اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے درمیان آج ملاقات طے پاگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق حافظ نعیم الرحمن وزیراعظم سے ملاقات کے لیے وزیراعظم ہاؤس جائیں گے، جہاں حکومتی اور جماعت اسلامی کے وفود بھی موجود ہوں گے۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی وفاقی وزیر احسن اقبال کی قیادت میں جبکہ جماعت اسلامی کا وفد لیاقت بلوچ کی سربراہی میں ملاقات میں شریک ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم کو ملاقات کی تیاریوں سے آگاہ کردیا گیا ہے، جبکہ ملاقات کا درست وقت بھی بتایا جائے گا۔

حکومت اور جماعت اسلامی کی تکنیکی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان گزشتہ دو روز میں دو ملاقاتیں ہوچکی ہیں، جن میں عوام کو ریلیف دینے کے امکانات پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کی تکنیکی کمیٹی نے سید فراست شاہ کی قیادت میں حکومت کو تجاویز پیش کی ہیں کہ کن شعبوں میں اخراجات کم کرکے وسائل بچائے جاسکتے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

وزیراعظم اور امیر جماعت اسلامی کی ملاقات میں ان تجاویز، پیٹرولیم لیوی میں ممکنہ کمی اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے اقدامات پر پیش رفت متوقع ہے۔ تاہم لیوی میں کمی یا خاتمے کے حوالے سے تاحال کسی حتمی فیصلے کا اعلان نہیں کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version