ایس آئی ایف سی کے تعاون سے 135 میگاواٹ تونسہ ہائیڈرو پاور منصوبے کی فیزیبلٹی اسٹڈی اخراجات کی ادائیگی کا دیرینہ معاملہ حل کر دیا گیا۔
چائنا تھری گورجز ساؤتھ ایشیا انویسٹمنٹ لمیٹڈ کے اسسٹنٹ سی ای او،لیو یونگ گانگ نے معاملے کے حل میں ایس آئی ایف سی کے تعاون کو سراہا۔
تونسہ ہائیڈرو پاور منصوبے کا آغاز 2011 میں 120 میگاواٹ کی استعداد کے ساتھ کیا گیا بعد ازں اسے 135 میگاواٹ منصوبے کے طور پر آگے بڑھایا گیا چینی کمپنی نے منصوبے کی فیزیبلٹی اسٹڈی مکمل کی، تاہم فیزیبلٹی اخراجات کی ادائیگی کا معاملہ طویل عرصے تک زیرِ التوا رہا۔
اسسٹنٹ سی ای او کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی کی بروقت کاوشوں اور وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری سے معاملے کو کامیابی سے حل کیا گیا جس سے پنجاب میں 135 میگاواٹ تونسہ ہائیڈرو پاور منصوبے پر مزید پیش رفت کی راہ ہموار ہو گئی۔
اسسٹنٹ سی ای او کے مطابق ایس آئی ایف سی کی بروقت معاونت اور مؤثر رابطہ کاری سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور ان کے اقدامات سے طویل عرصے سے زیرِ التوا جائز معاہداتی معاملات کے حل اور پاک چین اقتصادی شراکت داری کو تقویت ملی۔
ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری سے پاکستان میں عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد اور کاروباری ماحول مزید مستحکم ہو رہا ہے۔


















