Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انڈونیشین نیول چیف کی نیول ہیڈکوارٹرز آمد، پاکستان اور انڈونیشیا کا بحری تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

پاک بحریہ اور انڈونیشین نیوی کے درمیان موجود باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا

انڈونیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی ملاقات میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان بحری تعاون اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر انڈونیشین نیول چیف کو پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے شہداء کی یادگار پر پھول بھی رکھے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی، جبکہ تربیتی پروگرامز، باہمی دوروں اور مشترکہ بحری مشقوں کے ذریعے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں جانب سے پاک بحریہ اور انڈونیشین نیوی کے درمیان موجود باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

انڈونیشین نیوی کے سربراہ نے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں کو سراہا اور سمندری حدود کے تحفظ اور خطے میں بحری سلامتی کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے کردار کی تعریف کی۔

دورہ کراچی کے دوران ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے پاک بحریہ کے فیلڈ کمانڈرز سے بھی ملاقات کی، جبکہ انہوں نے کراچی شپ یارڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر سے بھی ملاقات کی۔

انڈونیشین نیول چیف نے پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹ اور جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن سینٹر کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں متعلقہ امور اور سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

ترجمان کے مطابق انڈونیشین نیوی کے سربراہ کا دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ دفاعی اور بحری شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version