Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کا بھارتی بحری جہاز کی پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں خلاف ورزی پر شدید احتجاج

آئی این ایس کولکتہ نے پاک بحریہ کے جہازوں کے قریب خطرناک اور اشتعال انگیز حرکات کیں، دفتر خارجہ

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی بحری جہاز آئی این ایس کولکتہ کی جانب سے پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں مبینہ خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاک بحریہ یکم ستمبر سے پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں سی اسپارک 26 مشقیں کررہی ہے۔ 7 ستمبر سے بھارتی بحری جہاز اور اس پر تعینات ہیلی کاپٹر پاک بحریہ کی مشقوں کے علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کرتے رہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ آئی این ایس کولکتہ نے پاک بحریہ کے جہازوں کے قریب خطرناک اور اشتعال انگیز حرکات کیں۔ بھارتی اقدامات معمول کی تعیناتی نہیں بلکہ 1991 کے دوطرفہ معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ متعدد انتباہات کے باوجود بھارتی بحری جہاز نے غیر ذمہ دارانہ حرکات جاری رکھیں۔ 15 ستمبر کو آئی این ایس کولکتہ نے خطرناک انداز میں رخ تبدیل کیا اور پی این ایس حنین سے ٹکرا گیا۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ پی این ایس حنین کی جانب سے بچاؤ کی کوشش کے باوجود بھارتی جہاز کے ساتھ رگڑ کا واقعہ پیش آیا جب کہ واقعے کے بعد آئی این ایس کولکتہ نے رفتار بڑھائی اور علاقے سے بھاگ نکلا۔

دفتر خارجہ نے یہ بھی بتایا کہ بھارتی بحری جہاز کا اقدام انتہائی اشتعال انگیز تھا اور سنگین بحران پیدا کرسکتا تھا۔ پاک بحریہ کے پیشہ ورانہ اور ذمہ دارانہ طرز عمل نے صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکا۔

دفتر خارجہ نے کہا پاکستان بھارتی بحریہ کی خلاف ورزیوں کو انتہائی تشویش سے دیکھتا ہے، بھارت حقائق کو مسخ کرکے معاملے کو سفارتی سطح پر بڑھانے کی کوشش کررہا ہے۔ بھارتی اقدامات علاقائی امن کو متاثر کرنے کی دانستہ کوشش کی عکاسی کرتے ہیں۔

پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارت دوطرفہ معاہدوں اور ذمہ دارانہ طرز عمل کی پابندی کرے۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ ایسے واقعات کے اعادے کو روکنے کے لیے بھارتی حکام فوری اقدامات کریں۔

پاکستان نے واضح کیا کہ مستقبل میں بھارتی اشتعال انگیزی کے سامنے موجودہ سطح کا ضبط یقینی نہیں سمجھا جائے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version