Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سسٹم کی تباہی کا ذمہ دار میں بھی ہوں، سیاسی ری سیٹ ضروری ہے، بلاول بھٹو

مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کرنے اور سیاسی انتقامی کارروائیاں بند کرنے کی بھی ضرورت ہے

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کا نظام خودبخود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کرایا گیا، اب اسے درست کرنے کے لیے غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ نظام کی خرابی میں وہ خود بھی ذمہ دار ہیں، تاہم اصلاحات کا آغاز پارلیمان سے ہونا چاہیے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اپوزیشن کا پارلیمان پر اعتماد بحال کرے اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنے چاہئیں، اگر وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کے لیے تیار ہے تو گورنر راج ختم کیا جا سکتا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کرنے اور سیاسی انتقامی کارروائیاں بند کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم باہمی رضامندی سے منظور ہوئی، تاہم 27ویں ترمیم جبری اکثریت سے منظور کرائی گئی، جس کے بعد سینئر ججوں کے استعفے عدلیہ کے اندر اعتماد کے فقدان کی نشاندہی کرتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ میڈیا اور پارلیمان جمہوریت کے اہم ستون ہیں، مگر آج میڈیا پہلے سے کہیں زیادہ کمزور ہے اور صحافی سچ بولنے سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کرنا ہوگا۔

ملک کی معاشی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنے خراب معاشی حالات نہیں دیکھے۔ مہنگائی سے غریب اور پسماندہ طبقہ شدید متاثر ہے، مگر سیاست دان عوامی مسائل کے بجائے نفرت اور تقسیم کی سیاست میں مصروف ہیں۔ ان کے مطابق ملک کا بنیادی مسئلہ کرپشن ہے، جس کے خاتمے میں کسی کی سنجیدہ دلچسپی دکھائی نہیں دیتی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version