وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے سیاسی ری سیٹ سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی مرضی کے بغیر کوئی ایجنڈا مسلط نہیں کیا جا سکتا، تاہم بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کا کردار ادا کرنا کھلا تضاد ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ہم سب دہائیوں سے اسی نظام کا حصہ ہیں، اس لیے اس کی کمزوریوں سے خود کو الگ نہیں کرسکتے۔ حکومتی عہدے، پروٹوکول اور مراعات سے فائدہ اٹھانے کے بعد خود کو بلند اخلاقی معیار کا علمبردار ظاہر کرنا دہرا معیار ہے۔ سیاست کی آڑ میں احتساب سے استثنیٰ حاصل کرنے کی کوشش کو قانون اور عوام دونوں مسترد کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے سوال اٹھایا کہ اگر عوام کی رائے اتنی اہم ہے تو ان کی مرضی جاننے کی بات کیوں نہیں کی جاتی؟ ان کے مطابق ریفرنڈم آئین کا حصہ اور عوامی رائے معلوم کرنے کا ایک آئینی طریقہ ہے، اس معاملے میں عوام کے پاس جانے میں کیا حرج ہے؟
انہوں نے کہا کہ ملک میں نئے صوبوں اور بہتر طرز حکمرانی سے متعلق بحث جاری ہے، اسے دبانے کے بجائے عوام کو اپنی رائے دینے کا موقع ملنا چاہیے۔ سندھ اور پنجاب کے عوام کی مرضی جانے بغیر کوئی فیصلہ مسلط نہیں کیا جا سکتا۔ اگر پاکستان اور سندھ کے عوام مزید صوبے چاہتے ہیں تو اس تجویز پر غور کرنے میں رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اچھی حکمرانی عوام کا بنیادی حق ہے اور اس حوالے سے جاری بحث کو روکا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے نیب اصلاحات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اصلاحات خود کرنے کے باوجود اب نیب کو مورد الزام ٹھہرانا بھی مناسب طرز عمل نہیں۔
وزیر اطلاعات نے میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صحافیوں کے حقوق اور تحفظ کے لیے کام کر رہی ہے اور اس ضمن میں اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔
