Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ تاریخی برادرانہ تعلقات پر فخر ہے، صدر و وزیراعظم

صدر اور وزیراعظم نے سعودی قیادت اور عوام کو 96ویں قومی دن پر دلی مبارکباد دی

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی قیادت اور عوام کو 96ویں قومی دن پر دلی مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ تاریخی برادرانہ تعلقات پر فخر ہے۔

صدر آصف زرداری نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دیرینہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان سعودی عرب عقیدے، مشترکہ تاریخ، دوستی اور باہمی اعتماد کے گہرے رشتوں میں جڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ پاک سعودی شراکت داری میں اہم سنگ میل ہے، مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے پاک سعودی شراکت داری کی تزویراتی جہت مزید مضبوط ہوئی، پاک سعودی دفاعی معاہدے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔

صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب دوطرفہ، علاقائی اور عالمی فورمز پر باہمی تعاون اور حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں، پاک سعودی برادرانہ تعلقات باہمی مفاد میں مزید مستحکم اور وسیع ہوں گے۔

آصف زرداری نے ولی عہد محمد بن سلمان کو جلد پاکستان آمد پر خیرمقدم کرنے کا اظہار کیا اور کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ دوطرفہ تعاون مزید گہرا اور وسیع کرنے کے منتظر ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی قیادت اورعوام کو قومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب خوشحالی، جدیدیت کی جانب گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مکہ مکرمہ پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، حرمین شریفین کے تقدس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی کےتحفظ کے لیے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ دونوں ممالک نےباہمی دفاعی معاہدے،مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ تاریخی برادرانہ تعلقات پر فخر ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version