Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سعودی عرب کی سلامتی کیلئے پرعزم، حوثی ملیشیا حملے فوری طور پر بند کرے، وزیراعظم

‘ہم سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے’

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں، حوثی ملیشیا سعودی عرب پر حملے فوری طور پر بند کرے۔

وزیراعظم نے سعودی عرب میں حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ  سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے بار بار ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتا ہوں جن میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور شہری زخمی ہوئے، بے گناہ شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور مملکت کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ان کی انتھک کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں سعودی مسلح افواج اور اتحادی اتحاد کی مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتا ہوں جنہوں نے متعدد بیلسٹک میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، برادر ملک سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ مکہ معاہدے اور اس کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے حالیہ فیصلوں کی روشنی میں، سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سعودی عرب کے اپنے عوام کے دفاع اور شہروں اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے جائز حق کی بھی مکمل حمایت کرتے ہیں، حوثی ملیشیا کو فوری طور پر یہ حملے بند کرنے چاہییں، ان خطرات کے مقابلے میں ہم سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version