Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کی فیلڈ مارشل کو ملائیشیا کے ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارکباد

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ہال آف فیم میں شامل ہونا پاکستان اور ملائیشیا کی دیرینہ دوستی کا عکاس ہے، وزیراعظم

 وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارکباد دے دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ہال آف فیم میں شامل ہونا پاکستان اور ملائیشیا کی دیرینہ دوستی کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران فیلڈ مارشل کی پُرعزم قیادت، ملکی دفاع کے لیے غیرمتزلزل عزم، قیامِ امن کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کرنے کے لیے ان کی گراں قدر خدمات اس اعزاز کو ان کے لیے بجا طور پر مستحق بناتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اعزاز ہماری مسلح افواج کے ان بہادر مرد و خواتین کا بھی ہے جن کی جرأت، لگن اور قربانیاں ہمارے پیارے وطن کی حفاظت کو یقینی بناتی ہیں، اور پاکستان کے عوام کا بھی ہے، جن کا حوصلہ، استقامت اور غیرمتزلزل حمایت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔

وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے، اللہ تعالیٰ پاکستان کی رہنمائی فرمائے اور ملک و قوم کی خدمت کے لیے ہماری مشترکہ کوششوں میں برکت عطا فرمائے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version