Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کا مشترکہ آپریشن، کوہاٹ پولیس لائنز حملے کا ماسٹر مائنڈ جہنم واصل

حکام کا کہنا ہے کہ زاہد گل بلی تنگ میں ہونے والی بینک ڈکیتی میں بھی موقع پر موجود تھا

خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ دہشت گرد زاہد گل ہلاک ہوگیا۔

سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے مطابق ایف آر لکی مروت میں کارروائی کے دوران خوارجی گل بہادر گروپ سے تعلق رکھنے والا اہم دہشت گرد کمانڈر زاہد گل مارا گیا، جو کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملے کی منصوبہ بندی اور اس میں استعمال ہونے والی بارود سے بھری گاڑی کی خود رہنمائی کرنے میں ملوث تھا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد دہشت گردی کے متعدد سنگین واقعات میں سیکیورٹی اداروں کو مطلوب تھا۔ وہ کوہاٹ میں متعدد خودکش حملہ آوروں کی ترسیل میں بھی ملوث رہا اور گل بہادر گروپ کے ساتھ قریبی رابطے میں تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ زاہد گل بلی تنگ میں ہونے والی بینک ڈکیتی میں بھی موقع پر موجود تھا، جہاں سے 60 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے۔ ڈکیتی میں حاصل ہونے والی رقم بکاخیل اور جانی خیل میں دہشت گردوں کی تشکیلوں میں تقسیم کی گئی تھی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق تقریباً دو ماہ قبل ہلاک دہشت گرد نئی کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کے لیے بھی خودکش حملہ آور لے کر آیا تھا، تاہم یہ منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ اس کے آئندہ اہداف میں کوہاٹ میں پاک فضائیہ کا سیٹ اپ اور پولیس ٹریننگ اسکول شامل تھے۔

سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کی اس تشکیل کے دیگر کارندے پہلے ہی سیکیورٹی اداروں کی حراست میں ہیں۔ حکام کے مطابق مشترکہ آپریشن دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں اہم کامیابی ہے۔

متعلقہ خبریں