سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کر کے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پنجپائی میں کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے ٹریفک کی روانی روکنے کی کوشش کرنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
اس کے علاوہ نوشکی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا جہاں فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی کوشش بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنادی، اس دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوا جبکہ کارروائی کے نتیجے میں 490 کلوگرام دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ وژن عزم استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشنز پوری رفتار سے جاری رہیں گے۔


















