Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ٹی آئی نے بانی کی رہائی کا مطالبہ ہی چھوڑ دیا، عمران اسماعیل

چاند مانگو تو خربوزہ ملے گا، خربوزہ مانگو تو زیرہ، سابق گورنر سندھ

کراچی: سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی کی رہائی کا مطالبہ ہی چھوڑ دیا ہے، حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنا مثبت عمل ہے تاہم پارٹی کو اپنے بنیادی مطالبے کو نہیں بھولنا چاہیے۔

عمران اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ’’چاند مانگو تو خربوزہ ملے گا، خربوزہ مانگو تو زیرہ‘‘۔ پی ٹی آئی نے اب چاند مانگنا ہی چھوڑ دیا ہے اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی اب پارٹی کے مطالبات میں شامل ہی نہیں ہے۔

 

سابق گورنر سندھ نے کہا کہ اب صرف ملاقات کرانے کی بات کی جارہی ہے جس پر انہیں حیرت ہے کہ پارٹی قیادت بانی پی ٹی آئی کے علاوہ جیلوں میں قید دیگر رہنماؤں کے بارے میں بھی بات نہیں کررہی۔

عمران اسماعیل نے اپنے بیان میں شاہ محمود قریشی، بیگم یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر چیمہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان رہنماؤں کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا حکومت کے ساتھ بیٹھنا ایک مثبت عمل ہے تاہم پارٹی کو اپنے بنیادی مطالبے کو نہیں بھولنا چاہیے جب کہ محمود خان اچکزئی، علامہ ناصر اور دیگر رہنماؤں کی بانی پی ٹی آئی کی رہائی میں کوئی دلچسپی نہیں۔

Exit mobile version