Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت نے پیکیج نہ دیا تو اسلام آباد مارچ ہوگا، حافظ نعیم کا دوٹوک اعلان

عوام کو ریلیف دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، امیر جماعت اسلامی

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو نومبر کے وسط میں اسلام آباد کی جانب تاریخی لانگ مارچ کیا جائے گا، مارچ ملتوی نہیں کریں گے اور اس کی تیاریاں شیڈول کے مطابق جاری رہیں گی۔

نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں اپنے مطالبات پیش کیے ہیں، اس ملاقات کو بے نتیجہ قرار نہیں دے سکتے کیونکہ وزیراعظم نے مطالبات پر غور کے لیے 7 سے 10 دن کا وقت مانگا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی ختم کرے کیونکہ اس کا بوجھ غریب اور متوسط طبقے کے عوام برداشت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ریلیف پیکیج سے عوام کو خاطر خواہ فائدہ نہیں پہنچ رہا، جبکہ جماعت اسلامی کے احتجاج کے بغیر حکومت یہ پیکیج بھی نہ دیتی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی 160 روپے تک کردی تھی، ہم اپنے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ حکومت نے لانگ مارچ شروع ہونے سے پہلے ریلیف پیکیج کا اعلان نہ کیا تو پھر سڑکوں پر ہی بات ہوگی۔

امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ اسلام آباد مارچ سے دستبردار نہیں ہوں گے اور عوام کو ریلیف دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version