ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) زین العابدین انصاری نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا جائز حقِ خودارادیت دلانے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
اپنے پیغام میں ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جب بھارتی افواج مقبوضہ جموں و کشمیر میں داخل ہوئیں۔ یہ دن کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی، قربانیوں اور حقِ خودارادیت کے حصول کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔
زین العابدین انصاری نے کہا کہ کشمیری عوام طویل عرصے سے اپنے بنیادی حق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، جبکہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا جائز حق دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت جاری رکھے گی اور ان کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی اخلاقی و سفارتی حمایت برقرار رکھے گی۔
