سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے لیے میدان سج گیا جس میں ملک بھر سے 4 ہزار 634 رجسٹرڈ ووٹرز آج اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا جس میں صدر کی نشست پر احسن بھون گروپ کے سید امجد علی شاہ اور حامد خان گروپ کے سردار امان خان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
سیکریٹری کی نشست پر محمد عارف نواز اور میاں عرفان اکرم آمنے سامنے ہوں گے جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے کے لیے قاضی شہریار اقبال اور سائرہ خالد کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ فنانس سیکریٹری کی نشست پر محمد تنویر چوہدری اور رائے اظہر اقبال کھرل مدِمقابل ہیں۔
نائب صدور کی نشستوں پر بھی مختلف صوبوں میں امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ پنجاب سے چوہدری ارشد حسین اور محمد یاسین بھٹی، خیبرپختونخوا سے حضرت سعید اور معین الدین ہمایوں، بلوچستان سے عبدالمالک بلوچ اور محمد ابراہیم جبکہ سندھ سے عبدالوھاب بلوچ اور جام آصف امیدوار ہیں۔
انتخابات کے لیے لاہور سے ایک ہزار 498 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ لاہور کے ووٹرز کے لیے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے بار روم میں پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سندھ سے 600 سے زائد وکلا ووٹ کاسٹ کریں گے جبکہ کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں پولنگ ہوگی۔
دوسری جانب کراچی میں پولنگ تاخیر کا شکار ہے، پریذائیڈنگ افسر اشتیاق میمن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا عملہ پولنگ ایجنٹس کا منتظر ہے، پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں بیلٹ مٹیریل ڈی سیل کیا جائے گا۔
