چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تربت کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر بلوچستان نے ان کا استقبال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تربت پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور دہشتگردی کے خلاف جاری کامیاب آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف کو بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جاری مختلف سماجی و معاشی ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جوانوں سے بھی ملاقات کی اور مشکل آپریشنل حالات میں ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، تیاریوں اور دفاعِ وطن کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج بلوچستان کے عوام کے ساتھ امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے سفر میں شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔