Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہباز شریف اور زرداری کی ملاقات، سیاسی اختلافات مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق

وزیراعظم کی روانگی کے بعد ایوان صدر میں پیپلز پارٹی کا اہم اجلاس بھی منعقد ہوا

وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے درمیان ایوان صدر میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں حکومت اور اتحادی جماعتوں کے درمیان جاری سیاسی اختلافات سمیت ملکی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے تمام معاملات افہام و تفہیم اور باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا۔

ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قومی اور سیاسی امور پر تمام فریق مل بیٹھ کر بات چیت کریں گے اور اختلافات کو مشاورت کے ذریعے دور کیا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ماضی میں آئینی ترامیم بھی تمام اتحادی جماعتوں کی مشترکہ مشاورت سے منظور کی گئی تھیں، اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے آئندہ معاملات بھی باہمی اتفاق رائے سے آگے بڑھائے جائیں گے۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال کے علاوہ مشرق وسطیٰ کے حالات بھی زیر بحث آئے۔

دوسری جانب جیو نیوز کے سینئر اینکر حامد میر نے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور صدر کی گفتگو میں وفاقی وزرا اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان جاری بیان بازی روکنے اور سیاسی کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی گئی۔

حامد میر کے مطابق بلاول بھٹو نے صدر آصف علی زرداری کو آگاہ کیا کہ بعض وفاقی وزرا نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کے حق میں کھل کر بیانات دے رہے ہیں، جس پر انہوں نے اپنا مؤقف واضح کیا ہے۔

وزیراعظم کی روانگی کے بعد ایوان صدر میں پیپلز پارٹی کا اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سہیل انور سیال شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان قانون سازی سے متعلق امور اور نئے صوبوں کے قیام پر جاری بحث کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے متنازع معاملات پر پارٹی کے مؤقف اور وفاقی حکومت کے ساتھ آئندہ مشاورت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version