پاکستانی فوجی دستے دفاعی تعاون کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے فوجی اہلکاروں کو سعودی عرب کے لیے روانہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان آرمی کے دستوں کی سعودی عرب روانگی کے سلسلے میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیر دفاع خواجہ آصف تھے۔

تقریب میں چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر نے بھی شرکت کی جبکہ سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی سمیت اعلیٰ سول اور عسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فوجی دستوں کی تعیناتی سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے۔
ترجمان پاک فوک کا کہنا تھا کہ دونوں برادر ممالک کے تعاون و اشتراک کی جڑیں دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری اور برادرانہ تعلقات میں پیوست ہیں، پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ کے عزم پر ثابت قدم ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے فوجی دستے طے شدہ معاہدوں اور دفاعی تعاون کے مروجہ فریم ورک کے تحت سعودی سرزمین پر تفویض کردہ ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی دستوں کی تعیناتی ابھرتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان اخوت، باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک تعاون کے لازوال رشتوں کے ساتھ سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے پختہ عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔