بیلجیئم میں ایک کلب فٹ بال میچ کے دوران ٹیم کا گول کیپر پنالٹی کک کو بچانے کے دوران اپنی جان کی بازی ہار گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیلجیئم میں ونکل اسپورٹس اور ویسٹروزیبیکے کے درمیان ہونے والے میچ میں ونکل اسپورٹس کے گول کیپر آرنی ایسپیل پنالٹی کک بچاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔
فٹ بال کلب ونکل اسپورٹ کو اس میچ میں اپنی حریف ٹیم ویسٹروزیبیکے کے خلاف 2-1 برتری حاصل تھی، میچ کے دوران ویسٹروزیبیکے کو پنالٹی ملی جس کو روکنے کے دوران آرنی ایسپیل میدان میں گر پڑے۔
یہ بھی پڑھیں : یو ایس اے فٹ بال میں ہلچل
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آرنی ایسپیل کو میدان میں فوری طور پر طبی امداد دی گئی، جس کے بعد انہیں اسپتال روانہ کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
آرنی ایسپیل کی اچانک موت پر پوری ٹیم پر سوگ طاری ہو گیا، ونکل اسپورٹس کلب انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے گول کیپر کی موت پر ان کے اہلخانہ اور دوستوں سے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آرنی ایسپیل کی ناگہانی موت کی وجوہات ابھی تک سامنے نہیں آئی ہیں۔
