شاہد آفریدی نے بدھ کو پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو کراچی میں اپنے گھر مدعو کیا تھا جب کہ کھلاڑی ان دنوں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل کراچی میں تربیتی کیمپ میں شرکت کر رہے ہیں۔
ان کی ملاقات کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی جس میں شاہد آفریدی اور بابر اعظم کے درمیان ہلکے پھلکے لمحے کی تصویر کشی کی گئی تھی۔
ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ شاہد آفریدی پول کے ایک کھیل میں بابر اعظم کو شکست دینے کے بعد جشن مناتے ہیں اور انہیں گلے لگاتے ہیں۔
مسابقتی جذبے کے لیے جانے جانے والے شاہد آفریدی نے کہا کہ انہوں نے نہ صرف یہ کھیل جیتا بلکہ کھیل کے بعد بابر اعظم کے جذبے کو بھی بلند کیا۔
جمعرات کو ایک مقامی نیوز چینل پر شاہد آفریدی نے کہا کہ ’’میں نے بابر اعظم کو پول میچ میں شکست دی لیکن ساتھ ہی میں نے انہیں مایوس نہیں ہونے دیا‘‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’’میں نے ان کی حوصلہ افزائی کی، اسی وجہ سے وہ آج پریس کانفرنس میں پر اعتماد نظر آئے‘‘۔
شاہد آفریدی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے اجتماع کے دوران ٹیسٹ اسکواڈ کے دو دیگر ارکان امام الحق اور سرفراز احمد سے بات چیت کی۔
انہوں نے کہا کہ ’’میں نے امام الحق اور سرفراز احمد سے بات کی کہ انہیں اگلے آٹھ ماہ تک بغیر کسی وقفے کے کرکٹ کھیلنی ہے، اس لیے اس میں کوئی شک نہیں کہ ان کے لیے بیک اپ پلان ہونا چاہیے اور کھلاڑیوں کو مناسب آرام کی ضرورت ہوگی‘‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس دوران سلیکشن کمیٹی اور کوچنگ اسٹاف کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اگلے آٹھ مہینوں کی کرکٹ کے بارے کیا پلان بناتے ہیں۔
