سندھ پریمئر لیگ سیزن ون کا آغاز 19 ستمبر سے ہوگا۔
صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے اس بات کا اعلان ایس پی ایل اور کنگڈم ویلی کے درمیان بے نظیر آباد لالز کی ملکیت شپ کے معاہدے کے موقع پر کیا۔
سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں نیوز کانفرنس کے موقع پر صدر ایس پی ایل ملک عرفان، سی ای او چوہدری شہزاد اختر، کنگڈم ویلی کے چیئرمین غلام حسین شاہد، سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پی ایس ایل کے مینٹور عبدالرزاق سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وزیر بلدیات سید ناصر شاہ نے کہا کہ ایس پی ایل کا اصل مقصد ملک کا نام روشن کرنا ہے، کرکٹر کسی صوبے کا نہیں پاکستان کا کھلاڑی کہلاتا ہے، ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے۔
سابق کپتان اور ایس پی ایل کے برانڈ ایمبیسڈر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ خواہش ہے ایس پی ایل کی طرح بلوچستان لیگ کا بھی آغاز ہو۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے سندھ پریمئر لیگ کے بہترین پرفارمرز کو قومی ٹیم کی نمائندگی کا موقع ملے گا۔
کنگڈم ویلی کے چیئرمین غلام حسین شاہد کا کہنا تھا کہ بے نظیر آباد لال کی فرنچائز لینے کی اصل وجہ شہید بے نظیر بھٹو سے عقیدت ہے۔
ایک عشاریہ پانچ ملین ڈالر کی لاگت سے ایس پی ایل کی پروڈکشن کے ذریعے میچز 50 سے زیادہ ممالک میں نشر کیے جائیں گے۔
