پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے این او سی کے بغیر امریکا میں کھیلنے والے کرکٹرز کو شوکاز نوٹس جاری کردیے ہیں۔
پاکستان کے متعدد کرکٹرز اس وقت اپنے بہتر مستقبل کے لیے امریکا کی طرف دیکھ رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بہت سارے کرکٹرز اس وقت امریکا میں کھیلنے گئے ہیں۔
کھلاڑٰیوں کو بیرون ملک لیگز میں شرکت سے قبل پی سی بی سے نو آبجیکشن سرٹیفکٹ (این او سی) حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔
تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے 15 سے زائد کھلاڑیوں نے امریکہ میں کرکٹ سرگرمیوں میں حصہ لینے سے قبل پی سی بی سے باضابطہ طور پر این او سی حاصل نہیں کی۔
لہذا پروٹوکول کی خلاف ورزی پر بورڈ نے ان کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا اور انہیں شوکاز نوٹس جاری کردیے ہیں۔
اس حوالے سے کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے امریکی شہریت حاصل کرلی ہے جس کی وجہ سے انہیں این او سی لینے کی ضرورت نہیں ہے۔
تاہم جب کرکٹ حکام نے ان کھلاڑیوں سے شہریت کے ثبوت فراہم کرنے اور مستقبل میں قومی ٹیم یا ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کے لیے ان کی عدم دستیابی کا باضابطہ اعلان کرنے کے لیے ان سے رابطہ کیا تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا فواد عالم نے پاکستان کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا؟ کھلاڑی کا ردعمل سامنے آگیا
واضح رہے کہ حالیہ ہیوسٹن اوپن ٹورنامنٹ کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ صہیب مقصود، ارشد اقبال، آرش علی، حسین طلعت، علی شفیق، عماد بٹ، عثمان شنواری، عمید آصف، ذیشان اشرف، سیف بدر، مختار احمد اور نعمان انور نے پی سی بی سے کوئی این او سی حاصل نہیں کیا۔
اسی طرح جاری مائنر لیگ کھیلنے کے لیے سلمان ارشد، مصدق احمد، عمران خان جونیئر، علی ناصر اور حسین طلعت نے بھی ضروری اجازت نامے حاصل نہیں کیے ہیں۔
یہ بات قابل غور ہے کہ فواد عالم، حسن خان، آصف محمود، میر حمزہ، شرجیل خان اور انور علی نے بورڈ سے این او سی حاصل کر رکھے ہیں۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے اس سے قبل غیر ملکی لیگز میں شرکت سے قبل این او سی حاصل کرنے کے لیے 10 ہزار ڈالر کی شرط نافذ کی تھی جب کہ یہ رقم کھلاڑیوں نے نہیں بلکہ ان کی ٹیم نے ادا کرنی ہے۔
اگر کسی ٹیم کو کھلاڑیوں کے لیے ایک بار اجازت دی جاتی ہے اور پھر وہ دوسرے پاکستانی کھلاڑی کے ساتھ معاہدہ کرتے ہیں تو انہیں اضافی 10 ہزار ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
