بھارتی بولنگ کوچ پارس مہمبرے نے دعویٰ کیا ہے کہ ہمارے پاس بولرز کی ایک طویل فہرست موجود ہے جو ہمارے لیے ایک مسئلہ بن جاتا ہے۔
بھارت نے ایشیاکپ 2023 میں پاکستان اور سری لنکا کے خلاف جیت کے بعد فائنل میں جگہ بنالی ہے جب کہ دونوں میچز میں انہوں نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔
روہت شرما کی قیادت میں بھارت نے پاکستان کے خلاف 128 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جب کہ ان کی بولنگ لائن میں جسپریت بمراہ، محمد شامی، محمد سراج اور شردل ٹھاکر موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیاکپ؛ پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست
بھارتی بولنگ لائن کی تعریف کرتے ہوئے بولنگ کوچ پارس مہمبرے نے کہا کہ ’’ہمارا بڑا مسئلہ بولرز کی طویل فہرست ہے اور ہمارے پاس بہترین آپشنز موجود ہیں جب کہ ان بولرز کے ساتھ ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجہ، اکشر پٹیل اور کلدیپ یادیو بھی موجود ہیں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ بہترین کمبینیشن کو منتخب کرنا اس بات پر منحصر ہے کہ ہم کس جگہ اور کس کے خلاف کھیل رہے ہیں تاہم انہوں نے بنگلادیش کے خلاف اگلے میچ کے لیے لائن اپ کے بارے میں نہیں بتایا۔
اس حوالے سے ان کا کہنا تھا ’’ابھی ہم نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے لیکن ظاہر ہے کہ دوسرے کھلاڑیوں کو بھی کھیلنے کا موقع دینا چاہیے کیونکہ ہم فائنل کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کرچکے ہیں‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ بنگلادیش نے پچھلے کچھ سالوں میں مسابقتی کرکٹ کھیلی ہے جب کہ ان کے پاس معیاری فاسٹ بولر بھی موجود ہیں۔ بنگلا دیش ایک اچھی ٹیم ہے اور ہمیں اپنی بہترین کرکٹ کھیلنی ہوگی۔
واضح رہے کہ بنگلادیش کے خلاف تلک ورما اور ٹی ٹوئنٹی اسٹار سوریہ کمار یادیو کو کھلائے جانے کا امکان ہے جب کہ انہوں نے میچ سے قبل نیٹ پریکٹس بھی کی ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
