ورلڈکپ 2023 کے دسویں میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 134 رنز سے بدترین شکست دے دی۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کا دسواں میچ بھارتی شہر لکھنئو میں کھیلا گیا جس میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی اور آسٹریلیا کی پوری ٹیم 40.5 اوورز میں 177 رنز پر ڈھیر ہوگئی جب کہ انہیں ورلڈکپ میں بھارت کے بعد جنوبی افریقہ سے بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
جنوبی افریقہ کی بیٹنگ
جنوبی افریقہ کی جانب سے اوپنرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو 108 کا آغاز فراہم کیا تاہم کپتان ٹمبا باؤما 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ وین ڈر ڈوسن 26 رنز بناسکے۔
کوئنٹن ڈی کوک نے 8 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 109 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ایڈن مارکرم 56، ہینرک کلاسن 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسویل نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ جوش ہیزل ووڈ، پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی بیٹنگ
جنوبی افریقہ کے 312 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی بلے باز ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور کوئی بھی کھلاڑی جنوبی افریقی بولرز کے سامنے ٹک نہ سکا۔
مارنس لبوشین نے سب سے زیادہ 46 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ مچل اسٹارک 27، کپتان پیٹ کمنز 22، زیمپا نے 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے
علاوہ ازیں مچل مارش 7، ڈیوڈ وارنر 13، اسٹیو اسمتھ 19، جوش انگلس 5، میکسویل 3 اور اسٹوئنس 5 رنز ہی بناسکے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے رباڈا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ کیشو مہاراج، تبریز شمسی اور مارکو جینسن نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
