Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ورلڈکپ میں وکٹیں لینا کچھ پاکستانی کھلاڑیوں کو پسند نہیں آیا، محمد شامی

بھارتی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے دوران وکٹیں لینا پاکستانی کرکٹرز کو پسند نہیں آیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر بھارتی کرکٹر محمد شامی کا انٹرویو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے سابق پاکستانی کھلاڑی حسن رضا کی جانب سے آئی سی سی کی جانب سے بھارتی بولرز کو الگ گیند دینے سے متعلق بیان پر وضاحت دی۔

محمد شامی کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کے دوران میں دیکھا پاکستان کے سابق کرکٹر نے گیند تبدیلی سے متعلق بیان دیا جس پر آپ صرف ہنس ہی سکتے ہیں۔

بھارتی فاسٹ بولر نے پاکستانی کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دماغ میں یہ بات ہے کہ ہم بہترین ہیں لیکن میرا ماننا ہے کہ اہم وقت پر ٹیم کیلئے جو پرفارم کرتا ہے وہی اچھا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم نے ایک انٹرویو میں کرکٹر کو سمجھانے کی کوشش کی تھی کہ کس طرح گیند کو سیم اور سوئنگ کیا جاسکتا ہے اور کس طرح آئی سی سی ٹیموں کو گیند فراہم کرتا ہے لیکن اس کے باوجود اس قسم کے بیانات دیے گئے۔

محمد شامی نے کہا کہ مجھے کسی سے حسد نہیں، چاہتا ہوں اور لوگ آئیں اور پرفارم کریں، اگر آپ دوسروں کی کامیابی کو انجوائے کروگے تو مزید بہتر کھلاڑی بن سکتے ہو اور میں کچھ نہیں کرتا ، جو کرتا ہے اوپر والا کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں تو ابتدائی میچز میں ٹیم کا حصہ ہی نہیں تھا اور جب موقع ملا تو پہلے میچ میں 5، اگلے میچ میں 4 اورپھر یہ سلسلہ چلتا رہا لیکن کچھ پاکستانی کھلاڑیوں کو یہ بات ہضم نہیں ہورہی تھی جس پر میں کچھ نہیں کرسکتا ہوں۔

خیال رہے کہ سابق پاکستانی کرکٹر حسن رضا نے ایک انٹریو کے دوران کہا تھا کہ جب بھارتی ٹیم بولنگ کرتی ہے تب گیند مختلف ہوجاتی ہے اور ڈی آر ایس بھی ان کے حق میں چلا جاتا ہے۔

حسن رضا نے کہا کہ محمد سراج اور محمد شامی جس طرح گیند سوئنگ کرتے ہیں، وہ کسی اور ٹیم کا بولر نہیں کرپارہا، ایسا لگ رہا تھا کہ آئی سی سی یا بی سی سی آئی انہیں الگ قسم کی گیندیں دے رہی ہے جس پر گیند کا معائنہ کرنا ضروری ہے۔

حسن رضا کے بیان کے رد عمل میں سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ  ایسی باتیں کرکے اپنی بے عزتی کرواتے ہیں اور ہمیں بھی دنیا میں ذلیل کرواتے ہیں۔ انہوں نے سمجھایا کہ ٹاس کے بعد امپائر بولنگ سائیڈ کے پاس ایک ڈبا لیکر جاتی ہے جس میں 12 گیندیں ہوتی ہیں اور وہ 2 گیندیں منتخب کرتی ہیں اور اس دوران امپائر کے ہمراہ میچ ریفری بھی ہوتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version