پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی سے راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔
پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 21 اگست سے راولپنڈی میں ہونے جارہا ہے جب کہ دوسرا ٹیسٹ کراچی میں کھیلا جانا تھا۔
تاہم اب دونوں ٹیسٹ میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، پہلا ٹیسٹ 21 اگست سے 25 کے دوران کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 30 اگست 3 ستمبر کے دوران شیڈول ہے۔
ٹیسٹ میچ کی منتقلی کا سبب نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کے لیے تعمیراتی کام کا ہونا ہے۔
یہ فیصلہ تعمیراتی ماہرین سے مشورے کے بعد کیا گیا ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی ہے۔
کراچی ٹیسٹ تماشائیوں کے بغیر ہونا تھا لیکن اب پنڈی میں شائقین دونوں ٹیسٹ میچوں میں براہ راست کرکٹ دیکھ سکیں گے۔
پاکستان شاہینز اور بنگلا دیش اے کی سیریز اسلام آباد میں معمول کے مطابق جاری رہے گی۔
