پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے سلطان آف جوہر کپ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے کینیڈا کو 2 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے دی۔
میچ کے آغاز سے ہی پاکستانی کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ پاکستان کی جانب سے حمزہ فیاض نے نویں منٹ میں پہلا گول اسکور کیا، جبکہ حمزہ علی نے 14ویں منٹ میں برتری دگنی کردی۔ رانا عبداللہ سمیع نے 25ویں منٹ میں تیسرا گول کرکے پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔
کینیڈا کے بھلر گرنور نے 30ویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم کیا، تاہم رانا ولید نے 38ویں منٹ میں پاکستان کو ایک کے مقابلے میں 4 گول کی برتری دلادی۔ کینیڈا نے 45ویں منٹ میں دوسرا گول اسکور کیا، لیکن پاکستان نے حریف ٹیم کو مزید واپسی کا موقع نہ دیا۔
اعصام حیدر نے 51ویں منٹ میں پاکستان کا پانچواں گول کیا، جبکہ عدیل نے 54ویں منٹ میں چھٹا گول اسکور کرکے ٹیم کی 2-6 سے فتح یقینی بنادی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور آئندہ میچوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
