پاکستان شاہینز اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے کے خلاف میدان میں اترنے کے لیے تیار ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ کل دوحہ میں ہوگا۔
سیمی فائنل پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان شاہینز نے گروپ بی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تینوں میچز میں کامیابی حاصل کی اور سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ قومی ٹیم نے گروپ مرحلے میں یو اے ای، بھارت اے اور نیپال کو شکست دی۔
گروپ مرحلے میں معاذ صداقت 125 رنز کے ساتھ پاکستان شاہینز کے نمایاں بلے باز رہے جبکہ حسن نواز نے تین میچز میں 114 رنز بنائے۔ حسن نواز بھارت اے کے خلاف آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ بھی قرار پائے۔ بولنگ میں علی رضا دو میچز کے دوران 6 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔
سیمی فائنل سے قبل کپتان عبدالصمد کا کہنا ہے کہ گروپ مرحلے میں تینوں میچز جیتے اور ٹیم نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ سمیت تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھائی۔ گروپ مرحلے کی غلطیوں پر قابو پا کر سیمی فائنل میں مزید بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
عبدالصمد کے مطابق بطور بیٹنگ یونٹ کوشش ہوگی کہ 50 اوورز کھیل کر بڑا مجموعہ بنایا جائے جبکہ پاکستان شاہینز کا بولنگ اٹیک مضبوط ہے اور ٹیم ہدف کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیمی فائنل سے قبل کھلاڑیوں نے آج اچھا ٹریننگ سیشن بھی کیا۔
