Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آسٹریلوی کرکٹ کا بڑا نام گلین میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ دیا

آسٹریلوی کرکٹر نے فرسٹ کلاس کرکٹ کو بھی خیر باد کہہ دیا ہے مگر ٹی ٹوئنٹی لیگز جاری رکھیں گے

آسٹریلیا کے جارح مزاج آل راؤنڈر گلین میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹی 20 سیریز کے لیے ٹیم میں جگہ نہ ملنے کے بعد انہوں نے کرکٹ کے عالمی میدانوں کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا۔

38 سالہ گلین میکسویل نے اپنے فیصلے کا اعلان پوڈکاسٹ پروگرام ’دی فائنل ورڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ قدرے افسوسناک ضرور ہے، لیکن انہیں اس کا اندازہ تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلیں۔

میکسویل کے مطابق سلیکٹرز کے ساتھ ان کے مستقبل پر ٹی 20 ورلڈ کپ سے پہلے اور بعد میں متعدد مرتبہ بات ہوئی تھی۔ آسٹریلوی ٹیم اب نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دے رہی ہے اور بنگلادیش کے خلاف سیریز میں بھی نئے کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی دکھائی۔

انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ انگلینڈ کے خلاف میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں انہیں الوداعی میچ کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے، تاہم انہوں نے ٹیم انتظامیہ کے مستقبل کی منصوبہ بندی کے فیصلے کو بھی درست قرار دیا۔

گلین میکسویل نے اپنے کیریئر میں 130 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیل کر 154.42 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2 ہزار 897 رنز بنائے اور آسٹریلیا کی جانب سے اس فارمیٹ میں تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں۔ ان سے آگے ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ ہیں۔

انہوں نے 149 ون ڈے میچز میں 3 ہزار 990 رنز اسکور کیے، جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں صرف 7 میچز کھیلے۔ وہ گزشتہ سال ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ لے چکے تھے۔

میکسویل نے فرسٹ کلاس کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ دیا ہے، تاہم وہ بگ بیش لیگ میں میلبرن رینیگیڈز کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ان کے لیے باعثِ فخر رہا اور اگر 2009 میں وکٹوریہ کی ٹیم کے ڈریسنگ روم میں قدم رکھتے وقت انہیں ایسے کیریئر کی پیشکش کی جاتی تو وہ اسے خوشی سے قبول کرلیتے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version