گوگل نے ستمبر 2026 کی نئی اپڈیٹ کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت اینڈرائیڈ فون استعمال کرنے والوں کے لیے متعدد نئی سہولتیں متعارف کرائی جارہی ہیں جن میں مصنوعی ذہانت، گمشدہ اشیا کی تلاش، سفر کے دوران متلی میں کمی اور پیغامات سے متعلق نئی سہولتیں شامل ہیں۔
نئی تبدیلی کے تحت صارفین اب مصنوعی ذہانت پر مبنی معاون کو یہ معلومات محفوظ کرنے کے لیے کہہ سکیں گے کہ انہوں نے کوئی اہم چیز کہاں رکھی ہے۔
یہ سہولت خاص طور پر ان اشیا کے لیے مفید ہوگی جن کے ساتھ تلاش کرنے والا کوئی برقی آلہ موجود نہیں ہوتا جیسے پاسپورٹ یا اضافی چابیاں۔
صارف کسی چیز کو رکھنے کی جگہ کے بارے میں معاون کو بتانے کے ساتھ اس کی تصویر بھی شامل کرسکے گا۔ یہ معلومات فون میں موجود گمشدہ اشیا تلاش کرنے والی سہولت میں محفوظ ہوجائے گی، جہاں بعد میں اس چیز کی جگہ معلوم کی جاسکے گی۔
یہ سہولت اینڈرائیڈ 16 یا اس کے بعد کے نظام پر چلنے والے فونز میں مرحلہ وار فراہم کی جائے گی۔
دوسری جانب اینڈرائیڈ 17 میں ایک نئی سہولت متعارف کرائی جارہی ہے جس کا مقصد سفر کے دوران موبائل استعمال کرنے سے ہونے والی متلی یا چکر کی کیفیت کو کم کرنا ہے۔
اس سہولت کے تحت فون کی اسکرین پر حرکت کرنے والے چھوٹے دائرے نمودار ہوں گے جو گاڑی کی حرکت کے مطابق اپنی جگہ تبدیل کریں گے۔ اس سے آنکھوں کو نظر آنے والی حرکت اور جسم کے محسوس کردہ سفر کے درمیان فرق کم کرنے میں مدد ملے گی۔
صارف اس سہولت کو خودکار طور پر فعال کرسکیں گے جب کہ دائرے کی شکل، رنگ اور شفافیت میں بھی تبدیلی کی جاسکے گی۔
پیغامات کی سہولت میں بھی نئی تبدیلی شامل کی گئی ہے جس کے ذریعے صارف گفتگو کے دوران ہی نوٹس یا خریداری کی فہرست بنا اور دوسروں کے ساتھ شیئر کرسکیں گے۔
گفتگو میں شامل تمام افراد اس مشترکہ فہرست کو دیکھنے، اس میں تبدیلی کرنے اور نئی چیزیں شامل کرنے کے قابل ہوں گے۔
علاوہ ازیں اب صارف ہر انفرادی گفتگو کے لیے الگ پس منظر اور رنگوں کا انتخاب بھی کرسکیں گے۔ صارف اپنی پسند کی تصویر کو پس منظر بناسکیں گے جب کہ پیغامات کے رنگ بھی اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کیے جاسکیں گے۔
گوگل کے مطابق بعض نئی سہولتیں فوری طور پر دستیاب ہیں جب کہ دیگر کو مختلف ممالک اور فون کے نظام کے مطابق مرحلہ وار متعارف کرایا جائے گا۔
