پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے 2026 کی دوسری سہ ماہی، یعنی اپریل سے جون کے دوران موبائل نیٹ ورکس کے معیار اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے کیے گئے کوالٹی آف سروس سروے کے نتائج جاری کردیے جس میں مجموعی طور پر وائس کال اور ایس ایم ایس سروسز کے مقررہ معیار میں بہتری سامنے آئی تاہم موبائل براڈ بینڈ کی کارکردگی میں بعض علاقوں کے درمیان نمایاں فرق اور دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل رسائی کا خلا برقرار رہنے کا انکشاف ہوا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق سروے کے دوران ملک کے 11 بڑے شہروں میں موبائل نیٹ ورکس کی کارکردگی جانچنے کے لیے 27 ہزار 300 وائس کالز اور ایس ایم ایس ٹیسٹس کیے گئے، جبکہ موبائل براڈ بینڈ کی کارکردگی جانچنے کے لیے ایک لاکھ 90 ہزار سیمپلز اکٹھے کیے گئے۔
سروے میں فوکسڈ اور دیہی علاقوں کو بھی شامل کیا گیا، جہاں 3 ہزار 300 وائس کال اور ایس ایم ایس ٹیسٹس کیے گئے جبکہ موبائل براڈ بینڈ کے 24 ہزار سیمپلز کا جائزہ لیا گیا۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے 6 بلند پہاڑی مقامات پر بھی موبائل نیٹ ورکس کی کارکردگی جانچی گئی۔
پی ٹی اے کے مطابق ملک بھر میں وائس اور ایس ایم ایس سروسز مجموعی طور پر مقررہ معیار پر بہتر پائی گئیں، تاہم موبائل براڈ بینڈ کی کارکردگی مختلف علاقوں میں یکساں نہیں رہی اور بعض مقامات پر سروس کے معیار میں فرق سامنے آیا۔
رپورٹ میں خاص طور پر دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل رسائی کے نمایاں خلا کی نشاندہی کی گئی ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق ملک کے بعض علاقوں میں اب بھی موبائل فون کوریج دستیاب نہیں، جس کے باعث ان علاقوں کے صارفین جدید مواصلاتی اور انٹرنیٹ سہولیات سے مکمل طور پر مستفید نہیں ہو پا رہے۔
پی ٹی اے نے موبائل اور براڈ بینڈ سروسز کی بہتری میں حائل مختلف مسائل کی بھی نشاندہی کی ہے۔ اتھارٹی کے مطابق طویل لوڈشیڈنگ، فائبر آپٹک کیبلز کے بار بار کٹنے، ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی چوری، رائٹ آف وے سے متعلق مسائل اور سیکیورٹی کی صورتحال بعض علاقوں میں نیٹ ورکس کی کارکردگی متاثر کرنے والے اہم عوامل ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق مقررہ معیار کی خلاف ورزی سامنے آنے پر متعلقہ موبائل آپریٹرز کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے، جبکہ متعلقہ کمپنیوں کو سروس کے معیار کے مقررہ پیمانے پورے کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں ٹیلی کام سہولیات دستیاب نہیں یا رسائی محدود ہے، وہاں کوریج بڑھانے کے لیے یونیورسل سروس فنڈ کے ذریعے اقدامات جاری ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق ٹیلی کام نیٹ ورکس کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے بھی متعلقہ حکومتی اداروں اور صوبائی حکومتوں سے رابطہ جاری ہے تاکہ لوڈشیڈنگ کے باعث موبائل سروسز میں آنے والی رکاوٹوں کو کم کیا جاسکے۔
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ کوالٹی آف سروس سروے کا مقصد موبائل آپریٹرز کی کارکردگی کو مقررہ معیار کے مطابق جانچنا، کمزور علاقوں کی نشاندہی کرنا اور صارفین کو بہتر اور قابل اعتماد ٹیلی کام سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
