Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اے آئی کمپنیوں میں جاسوسوں کی بھرتیاں تیز، لاکھوں ڈالر تنخواہوں کی پیشکش

کمپنیوں کے قیمتی رازوں اور قومی سلامتی سے جڑی معلومات کا تحفظ بھی ایک بڑی ترجیح بنتا جا رہا ہے

ٹیکنالوجی کی دنیا میں سکیورٹی کا نیا رجحان، سابق سی آئی اے اور انٹیلی جنس افسران کی مانگ بڑھ گئی

مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ کے ساتھ ٹیکنالوجی کمپنیوں کو حساس معلومات کی چوری اور جاسوسی کے خدشات بھی لاحق ہوگئے ہیں، جس کے پیش نظر بڑی اے آئی اور چپ ساز کمپنیاں سابق انٹیلی جنس افسران کو بھاری معاوضوں پر ملازمت دینے لگی ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اینوڈیا سے منسوب ایک مبینہ جاسوسی تنازع کے بعد ٹیکنالوجی سیکٹر میں کاؤنٹر انٹیلی جنس یعنی جوابی جاسوسی کے ماہرین کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ تاہم کمپنی نے قومی سلامتی یا تجارتی رازوں سے متعلق کسی سمجھوتے کے خدشے کو مسترد کیا ہے، جبکہ چین بھی جاسوسی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتا ہے۔

سابق انٹیلی جنس حکام اور ٹیکنالوجی کمپنیوں سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اے آئی انڈسٹری کی تیز رفتار ترقی کے باعث ادارے اپنے خفیہ ڈیٹا، تحقیقی معلومات اور اہم کاروباری منصوبوں کو محفوظ بنانے کے لیے خصوصی سکیورٹی ٹیمیں تشکیل دے رہے ہیں۔

بھرتیوں کے رجحانات کا جائزہ لینے والے ادارے ریویلیو لیبز کے مطابق بڑی اے آئی کمپنیوں میں کاؤنٹر انٹیلی جنس ماہرین کی تقرری ایک نمایاں نیا رجحان بن چکی ہے۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران اوپن اے آئی، اینتھروپک اور اینوڈیا جیسی کمپنیوں نے اس شعبے میں متعدد اہم آسامیاں مشتہر کی ہیں، جن کی سالانہ تنخواہیں تقریباً 2 لاکھ سے 5 لاکھ ڈالر تک ہیں۔

سکیورٹی ماہرین کے مطابق سابق جاسوسوں کا تجربہ کمپنیوں کو اندرونی معلومات چوری ہونے، ملازمین کو دباؤ یا بلیک میلنگ کے ذریعے استعمال کرنے اور حساس تجارتی رازوں تک غیر مجاز رسائی جیسے خطرات کی نشاندہی میں مدد دیتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اوپن اے آئی نے جون 2024 میں امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے سابق سربراہ پال ناکاسون کو اپنے بورڈ اور سیفٹی اینڈ سکیورٹی کمیٹی کا حصہ بنایا تھا۔ کمپنی اب ایک سینئر گلوبل سکیورٹی انویسٹی گیٹر کی تلاش میں بھی ہے، جس کے لیے جوابی جاسوسی کا تجربہ اہم قرار دیا گیا ہے۔

اسی طرح اے آئی کمپنی اینتھروپک نے اگست 2025 میں قائم کردہ اپنی قومی سلامتی مشاورتی کونسل میں سی آئی اے کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیوڈ کوہن اور این ایس اے کے سابق سائبر سکیورٹی ڈائریکٹر ڈیو لوبر کو شامل کیا ہے۔

رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی صنعت میں مقابلہ اب صرف جدید ٹیکنالوجی اور طاقتور کمپیوٹنگ تک محدود نہیں رہا، بلکہ کمپنیوں کے قیمتی رازوں اور قومی سلامتی سے جڑی معلومات کا تحفظ بھی ایک بڑی ترجیح بنتا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version