Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انسٹاگرام پر 90 منٹ تک کی ویڈیوز پوسٹ کرنے کا نیا فیچر متعارف

نیا فیچر ابتدائی طور پر امریکا کے بعض کریئیٹرز کے لیے متعارف کرایا گیا ہے

انسٹاگرام نے صارفین کی ایک اور خواہش پوری کرتے ہوئے طویل دورانیے کی ویڈیوز شیئر کرنے کے لیے نئے فیچر کا اعلان کیا ہے جس کے تحت منتخب صارفین اور کریئیٹرز 90 منٹ تک کی ویڈیوز پوسٹ کر سکیں گے۔

انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے پلیٹ فارم کی نائب صدر برائے مصنوعات ٹیسا لیونز کے ساتھ ایک ویڈیو کے ذریعے اس فیچر کا اعلان کیا۔ اس اقدام کا مقصد پوڈکاسٹرز، کامیڈی کریئیٹرز اور دیگر مواد تخلیق کرنے والوں کو طویل ویڈیوز شیئر کرنے کے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔

نیا فیچر ابتدائی طور پر امریکا کے بعض کریئیٹرز کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ انسٹاگرام انتظامیہ کے مطابق تخلیقی مواد کے اظہار کو صرف مختصر ویڈیوز اور تصاویر تک محدود نہیں رکھا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: میٹا نے انسٹاگرام کا ایک اہم فیچر ختم کر دیا

اس فیچر کے تحت طویل ویڈیوز کے مختصر پروموشنل کلپس بھی شیئر کیے جا سکیں گے، جو ریلز کی صورت میں صارفین کو دکھائی دیں گے۔ ان کلپس پر کلک کرکے ناظرین مکمل ویڈیو تک رسائی حاصل کر سکیں گے، جس سے کریئیٹرز کو اپنے مواد کی زیادہ تشہیر میں مدد ملے گی۔

انسٹاگرام نے متعدد اقساط پر مشتمل ویڈیوز شیئر کرنے کے لیے ایک نیا فیچر بھی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جو امریکا، بھارت اور میکسیکو کے بعض کریئیٹرز کے لیے دستیاب ہے۔ مستقبل میں اس سہولت کو مزید ممالک تک توسیع دیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب، انسٹاگرام اپنے لائیو اسٹریمز کو ریلز فیڈ میں شامل کرنے کی تیاری کر رہا ہے، جس سے لائیو نشریات ان صارفین کو بھی تجویز کی جا سکیں گی جو متعلقہ اکاؤنٹس کو فالو نہیں کرتے۔

پلیٹ فارم نے اپنی ٹی وی سروس کو وسعت دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ انسٹاگرام فار ٹی وی اب ایپل ٹی وی پر بھی دستیاب ہوگی، جبکہ اس سے قبل یہ سروس سام سنگ اور ایمازون فائر ٹی وی پر متعارف کرائی جا چکی ہے۔ مستقبل میں صارفین موبائل فون کو ٹی وی کے ریموٹ کنٹرول کے طور پر استعمال کرنے کے علاوہ یہ بھی دیکھ سکیں گے کہ ان کے دوست ٹی وی پر کون سا مواد دیکھ رہے ہیں۔

انسٹاگرام کی ان تبدیلیوں کا مقصد طویل ویڈیو مواد کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا، کریئیٹرز کی رسائی بڑھانا اور صارفین کے لیے ویڈیوز دیکھنے کے تجربے کو مزید بہتر بنانا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version