اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں ٹیلی کام سروسز کے معیار کو بہتر بنانے اور تکنیکی خامیوں کے بروقت ازالے کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
پی ٹی اے کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 29 اکتوبر سے 11 نومبر تک ملک بھر میں 226 موبائل سائٹس کا معائنہ کیا گیا، جس کے بعد اب تک معائنہ کی جانے والی ٹیلی کام سائٹس کی مجموعی تعداد 1,127 سے تجاوز کر گئی ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی اے کی ٹیموں نے کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں موبائل سائٹس کی فیلڈ مانیٹرنگ کی، جس کے دوران متعدد تکنیکی اور انتظامی خامیوں کی نشاندہی کی گئی۔
معائنے کے دوران موبائل سائٹس پر بجلی کی فراہمی اور متبادل انتظامات میں نقائص سامنے آئے جبکہ بیٹریوں، جنریٹرز اور ٹیلی کام آلات کی کارکردگی سے متعلق مسائل بھی رپورٹ کیے گئے۔ اس کے علاوہ فائبر آپٹک کیبلز کے تحفظ سے متعلق خامیوں کی بھی نشاندہی کی گئی۔
پی ٹی اے کے مطابق ان مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ، منتخب عوامی نمائندوں اور ٹیلی کام آپریٹرز کے ساتھ رابطے کیے گئے ہیں تاکہ سروسز میں موجود خامیوں کو بروقت دور کیا جاسکے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ٹیلی کام سروسز کے معیار کو بہتر بنانے، صارفین کو قابلِ اعتماد سہولیات فراہم کرنے اور کسی بھی خرابی کی صورت میں سروسز کی فوری بحالی یقینی بنانے کے لیے نگرانی اور اصلاحی اقدامات جاری رہیں گے۔
