خشک سردی سے گھبرائے عوام کیلئے خوشخبری آگئی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات عرفان ورک کے مطابق ملک میں خشک سردی خاتمے کے قریب پہنچ چکی ہے، اگلے ہفتے سے اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارشوں اور ملکہ کوہسارمری پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ رات میں بالائی خیبر پختو نخوا اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
میٹ آفس کا کہنا ہے کہ جمعرات سے ہفتہ کے روز تک اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے علاوہ صبح کے اوقات میں چند مقامات پر شدید دھند اور بعض مقامات پر کہرا پڑنے کا امکان ہے۔
