کراچی میں تیز رفتار سمندری ہوائیں چلنے لگیں جبکہ شہر میں آج بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح سویرے بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ شہر میں تیز سمندری ہوائیں چلنا شروع ہوگئیں۔
کراچی کے علاقے نیو کراچی، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، کریم آباد، لیاقت آباد اور فیڈرل بی ایریا میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ آج کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر میں اس وقت 35 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مغربی ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ شہر میں شام اور رات کے اوقات میں سمندری ہواؤں کے سبب بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ شہر میں 18 جولائی کے بعد بارش متوقع ہے۔
