Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور برفباری کا امکان، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور جھکڑ کے ساتھ مزید بارش متوقع۔

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک بھر کے لیے ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے جنوری میں جاری کردہ متوقع موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے۔ ادارے نے ماہ اپریل تا جون کی ممکنہ موسمی صورتحال کا جائزہ بھی جاری کردیا ہے۔

اگلے 24 گھنٹوں کی پیش گوئی

نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور جھکڑ کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں بشمول پشاور، نوشہرہ، چارسدہ اور مردان میں مزید سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ اسی دوران گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔

پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی، طوفان اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

علاقائی تفصیلات

خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، منگورہ، بٹگرام، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں آندھی اور جھکڑ کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد سمیت پنجاب کے شہروں مری، راولپنڈی، اٹک، گوجر خان، جہلم، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین، نارووال، سرگودھا، جھنگ، فیصل آباد، لاہور، ساہیوال، قصور، اوکاڑہ، بورے والا، ڈی جی خان، ملتان اور بہاولپور میں بارش متوقع ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے، استور، دیامر، خرمنگ، شگر، غزر، نگر، مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، حویلی، پونچھ، کوٹلی، میرپور، بھمبر اور وادی نیلم میں بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، لورالائی، ڈیرہ بگٹی، زیارت، قلات، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین، بارکھان، سبی، نوشکی، خضدار، آواران، واشک، پنجگور، تربت، گوادر اور لسبیلہ میں آندھی اور تیز ہواؤں سمیت بارش متوقع ہے۔

ممکنہ خطرات اور احتیاطی تدابیر

ملک بھر میں تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں، کھڑی فصلوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہوجائیں گی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری اور مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں۔

تیز ہوا اور طوفان کے دوران درختوں، کمزور تعمیرات اور تنصیبات سے دور رہیں۔ سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔

عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘ سے بروقت معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔