امریکا نے جنوبی کیرولینا میں مشتبہ چینی جاسوس غبارے کو میزائل سے مار گرایا ہے جو تقریباً 60 ہزار فٹ کی بلندی پر اڑ رہا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے جنوبی کیرولینا میں مشتبہ چینی جاسوس غبارے کو تقریباً چھ سمندر میل کے فاصلے پر مار گرایا ہے جو تقریباً 60 ہزار فٹ کی بلندی پر اڑ رہا تھا۔
چین نے اس حملے کی مذمت کی ہے جب کہ چینی وزیر خارجہ نے حملے پر امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ ضروری ردعمل دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پینٹاگون نے چین پر مشتبہ غبارے کے ذریعے جاسوسی کا الزام عائد کیا تھا،امریکا کے فوجی حکام کے مطابق غبارہ معلومات اکٹھا کرنے کے لیے حساس مقامات پر پرواز کر رہا ہے۔
امریکا نے جاسوس غبارے کو مار گرانے کے لیے لڑاکا طیاروں کو متحرک کردیا تھا لیکن فوجی حکام نے صدر جو بائیڈن کو ایسا نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
تاہم چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اس بات کی تردید کی گئی تھی کہ غبارہ جاسوسی کے لیے ہے۔
چینی وزارت خارجہ نے کا کہنا تھا کہ یہ غبارہ بنیادی طور پر ایک ایئر شپ ہے جو موسم سے متعلق تحقیق کے لیے استعمال ہوتا ہے اور یہ حادثاتی طور پر اڑتے ہوئے امریکی فضائی حدود میں داخل ہوا۔
خیال رہے کہ امریکا کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے جاسوسی غباروں کو واشنگٹن کی فضاؤں میں بھیجنے پر احتجاجاً چین کا دورہ بھی ملتوی کر دیا تھا۔
