ترکش نائب صدر فوات اوکتائے کا کہنا ہے کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں اپنے شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دارالحکومت انقرہ میں ترکش نائب صدر فوات اوکتائے نے وزیر داخلہ اور وزیر خارجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کر کے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کی تصدیق کر دی۔
نائب صدر فوات اوکتائے نے بتایا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق زلزلے سے ہلاکتوں کی تازہ ترین اطلاعات کی تعداد 284 ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد دو ہزار سے زائد کی تصدیق ہو چکی ہے۔
مزید پڑھیں: ترکیہ اور شام میں 7.8 شدت کا زلزلہ، 500 سے زائد افراد ہلاک، تباہی پر پاکستان کا اظہارِ افسوس
فوات اوکتائے نے کہا کہ ملبے میں دبے ہوئے افراد کی وجہ سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ متاثرین کو اسکولوں اور سرکاری ہاسٹلز میں پناہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچنے سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ کوشش کر رہے ہیں کہ جلد از جلد گیس بحال کی جاسکے۔
نائب صدر کا کہنا تھا کہ متعلقہ صوبوں کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ملحقہ صوبوں سے بھی ریسکیو عملہ متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا ترکیہ میں زلزلے سے تباہی پر افسوس کا اظہار
فوات اوکتائے نے کہا کہ ترکش صدر رجب طیب اردوغان امدادی کارروائیوں کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔
واضح رہے ترکیہ کے جنوب میں آنے والے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔
زلزلے سے ترکیہ اور شام میں مجموعی طور پر 500 سے زائد افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ ہزاروں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔




















