Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انڈونیشیا، نیوزی لینڈ کے پائلٹ کو علیحدگی پسندوں نے یرغمال بنا لیا

انڈونیشیا کے پاپوا علاقے میں علیحدگی پسند جنگجوؤں نے نیوزی لینڈ کے ایک پائلٹ کو یرغمال بنا لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے دور افتادہ پہاڑی صوبے ندوگا میں نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ مہرتنس کو علیحدگی پسندوں نے یرغمال بنا کر خفیہ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ ایک چھوٹا مسافر بردار طیارہ جس کا تعلق انڈونیشیا کی سوسی ایئر سے ہے، منگل کی صبح وسطی پاپوا کے موزز کلینگن ہوائی اڈے سے روانہ ہوا تھا، اور اس کا مقصد چند گھنٹے بعد مسافروں کو ندوگا میں اتارنے کے بعد واپس آنا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق  ویسٹ پاپوا نیشنل لبریشن آرمی کے اغوا کاروں نے بتایا ہے کہ پائلٹ محفوظ ہے

لیکن اغواکاروں کا کہنا ہے کہ جب تک مغربی پاپوا کی آزادی کو تسلیم نہیں کیا جاتا وہ پائلٹ کو رہا نہیں کریں گے۔

ویسٹ پاپوا نیشنل لبریشن آرمی کے ترجمان سیبی سمبوم نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ پانچ مسافر جو جہاز میں سوار تھے، جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا، کو رہا کر دیا گیا کیونکہ وہ مقامی پاپوان تھے۔

انڈونیشیا کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم تعینات کر رہے ہیں۔ لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ  یہ رسد کے لحاظ سے مشکل ہے کیونکہ دور دراز کے علاقے تک صرف ہوائی جہاز کے ذریعے ہی پہنچا جا سکتا ہے۔

دریں اثناء نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرس ہپکنز نے کہا کہ جکارتہ میں ملک کا سفارت خانہ پائلٹ کی واپسی کے لیے کوشش کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ انڈونیشیا کا یہ علاقہ ایک سابق ڈچ کالونی ہے جو دو صوبوں پاپوا اور مغربی پاپوا میں منقسم ہے۔ یہ پاپوا نیو گنی سے الگ ہے، جسے آسٹریلیا نے 1975 میں آزادی دی تھی۔

متعلقہ خبریں