بیجنگ: چین کے ایک اسکول میں چاقو مارنے کے واقعے میں 3 بچوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گوانگ ڈونگ صوبے کے شہر لیانجینگ کے کنڈرگارٹن اسکول میں ایک شخص نے گھس کر اندھا دھند چاقو کے وار کیے۔
رپورٹ کے مطابق چاقو سے حملے میں 3 بچوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں، حملے میں ایک بچہ زخمی بھی ہوا ہے۔
ہلاک ہونے والوں میں 2 والدین، ایک استاد اور 3 طالب علم شامل ہیں۔ پولیس نے 25 سالہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا تاہم حملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چین: شہریوں پر چاقوں کے وار ، کئی افراد جاں بحق
واضح رہے کہ چین میں بندوق کے سخت قوانین اور سخت سیکیورٹی کی وجہ سے پرتشدد جرم شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں تاہم پچھلے کچھ سالوں کے دوران پری اسکولوں میں چھرا گھونپنے کے واقعات نے اسکول کی حفاظت کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے۔
چین میں تازہ ترین واقعہ کے بعد سوشل میڈٰیا پلیٹ فارمز پر آگ بھڑک اٹھی ہے اور صارفین اسکولوں میں پرتشدد کارروائیوں کی وجہ سے بچوں کی زندگیوں کو لاحق خطرے کی وجہ سے پریشان ہیں۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین نے ملزم کو سزائے موت دینے کی تجویز کی ہے جب کہ کئی صارفین نے اسکولوں میں سیکیورٹی پر سوالات اٹھائے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ سال اگست میں جنوبی صوبے جیانگ شی کے ایک کنڈرگارٹن میں چاقو کے وار سے کم از کم تین افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جب کہ چھ افراد زخمی ہوئے تھے۔




















