چاند پر پہنچنے کی مسلسل ناکامیوں کے بعد بھارت نے تیسرا خلائی مشن ’چندریان تھری‘ ایک بار پھر روانہ کردیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چاند پر پہنچنے کی مسلسل ناکامیوں کے بعد بھارت نے تیسرا خلائی مشن ’چندریان تھری‘ روانہ کردیا ہے۔
بھارت کا تیسرا چاند مشن چندریان تھری جمعہ کو دوپہر 2 بج کر 35 منٹ پر آندھرا پردیش میں ستیش دھون اسپیس سینٹر سری ہری کوٹا کے شار رینج سے روانہ کیا گیا ہے۔
اسرو مشن کی کامیابی کے بعد بھارت چاند پر سافٹ لینڈنگ کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہوجائے گا۔
اس موقع پر اسرو کے سائنسدانوں کے علاوہ تقریباً 3900 کلوگرام کے اس چندریان تھری کے لانچ کے موقع پر سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر سمیت دیگر حکام موجود تھے۔
اس مشن کے آغاز پر وزیراعظم نریندر مودی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ’چندریان 3 نے انڈیا کے خلائی سفر میں ایک شاندار باب کا آغاز کیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ مشن انڈیا کے ہر فرد کے خوابوں اور عزائم کو لے کر بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ یہ اہم کامیابی ہمارے سائنسدانوں کی انتھک لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ میں ان کے جذبے اور ہنر کو سلام پیش کرتا ہوں‘۔
