یونان میں شدید گرمی کے باعث تاریخی مقام اکروپولی کو پہلی مرتبہ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یونان میں گرمی کی لہر شدت اختیار کرگئی ہے، آج کے دن درجہ حرارت کم سے کم 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق گرمی کی شدت کو پیش نظر رکھتے ہوئے یونانی حکومت نے یونان کے تاریخی مقام اکروپولی کو دن بارہ بجے سے لے کر شام پانچ بجے تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ گرمی کی شدت کو دیکھتے ہوئے اس مقام کو بند کیا جائے گا۔
اسی طرح حکومت نے باہر کھلی فضا میں کام کرنے والے مزدوروں کو بھی بارہ بجے سے لے کر پانچ بجے تک کام بند کرنے کا کہہ دیا ہے۔
گرمی کی شدت کو دیکھتے ہوئے عوام کو بلاوجہ گھر سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت پورا یورپ افریقہ سے آنے والی گرم مرطوب ہواؤں کی لپیٹ میں ہے جب کہ درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔
جنوبی یورپ کے ممالک اور شمال مغربی افریقہ کے کچھ حصوں میں ہیٹ ویو کا سلسلہ جاری ہے اور آنے والے دنوں میں درجہ حرارت ریکارڈ توڑنے کا امکان ہے۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسپین، فرانس، یونان، کروشیا اور ترکی کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق اٹلی میں درجہ حرارت 48.8 سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ روم، بولونا اور فلورنس سمیت 10 شہروں کے لیے ریڈ الرٹ کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔




















