یورپ میں گرمی کا نیا ریکارڈ بننے کا امکان ہے۔
یورپین اسپیس ایجنسی کے مطابق فرانس میں درجہ حرارت اگلے چند دنوں میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
گرمی سے بچاؤ کے لیے شہریوں نے پارکوں میں ڈیرے ڈال لیے۔
اٹلی کے 15 شہروں میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے جن میں روم، فلورینس اور بولوگنا بھی شامل ہیں جہاں آئندہ دنوں میں سب سے زیادہ گرمی پڑنے کا امکان ہے۔
یورپ میں آئندہ ہفتے ایک اورہیٹ ویو کا امکان ہے جس میں درجہ حرارت ریکارڈ سطح تک جا سکتا ہے۔
یورپین اسپیس ایجنسی سیٹلائٹ کے ذریعے زمین اور سمندر سے درجہ حرارت کو مانیٹر کرتی ہے اور ایجنسی کا کہنا ہےکہ اٹلی، اسپین، فرانس، جرمنی اور پولینڈ گرمی سے شدید متاثر ہوسکتے ہیں۔
یورپ میں اس سے قبل سب سے زیادہ درجہ حرارت 48.8 ڈگری سینٹی گریڈ اگست 2021 میں ریکارڈ کیا گیا تھا تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ آئندہ ہفتے پڑنے والی گرمی میں درجہ حرارت اس کے آس پاس تک رہ سکتا ہے۔
اٹلی کی حکومت نے ریڈ الرٹ والے شہروں کے لیے ہدایات جاری کی ہیں جس میں کہا گیا ہےکہ ان علاقوں کے شہری صبح 11 بجے سے شام 6 بجے تک براہ راست سورج کی روشنی میں جانے سے گریز کریں جبکہ عمر رسیدہ اور بیمار افراد کے لیے خاص طور پر احتیاط برتی جائے۔




















