گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی غلاف کعبہ یکم محرم کو تبدیل کیا جائے گا جس کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غلاف کعبہ تبدیل کرنے کے لیے تمام تیاریوں کو مکمل کرلیا گیا جو گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی یکم محرم کو تبدیل کیا جائے گا۔
غلاف کعبہ پر سونے اور چاندی سے قرآنی آیات تحریر کی گئی ہیں جب کہ رواں سال غلاف کعبہ کی تیاری میں 120 کلو سونا، 100 کلو چاندی اور 670 کلو ریشم کا استعمال کیا گیا ہے۔
غلاف کعبہ یعنی قسوہ کے لیے نہایت عمدہ، نفیس اور اعلیٰ معیار کا کپڑا استعمال کیا گیا ہے جب کہ اس کی سلائی میں نہایت تربیت یافتہ اور اعلیٰ مہارت کے حامل کاریگروں نے حصہ لیا ہے۔

غلاف کعبہ کی لمبائی 50 فٹ اور چوڑائی 35 سے 40 فٹ کے درمیان ہوتی ہے جب کہ یہ عمومی طور پر 16 ٹکڑوں پر مشتمل ہوتا ہے۔
غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی تقریب کے لیے سیکیورٹی کے انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ غلاف کعبہ ہر سال 9 ذی الحج کو تبدیل کیا جاتا تھا تاہم گزشتہ سال سے اس میں تبدیلی کی گئی تھی اور یکم محرم الحرام کو تبدیل کیا گیا تھا۔