Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت کے نیوز چینلز نے اے آئی نیوز اینکرز متعارف کرادیں

بھارت کے نیوز چینلز نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) یعنی مصنوعی ذہانت سے لیس دو روبوٹک نیوز اینکرز متعارف کرادیں ہیں۔

ریاست اڑیسہ اور کرناٹکا کے دو مختلف نیوز چینلز نے دو کمپیوٹر روبوٹک نیوز اینکرز متعارف کرا دیں۔

مذکورہ دونوں چینلز سے قبل رواں برس اپریل میں معروف میڈیا گروپ ’انڈیا ٹوڈے‘ نے اپنے چینل ’آج تک‘ کے لیے بھی ایک کمپیوٹر اینکر متعارف کرائی تھی، جسے ’ثنا‘ کا نام دیا گیا تھا۔

مصنوعی ذہانت سے لیس روبوٹک اینکر خبریں پڑھتی سنائی دیتی ہیں، تاہم ان کی جملوں کی ادائیگی انسانوں سے کافی مختلف سنائی دیتی ہے۔

اے آئی اینکر ثنا کو بولڈ لباس یعنی پینٹ شرٹ میں پیش کیا گیا تھا جبکہ حال ہی میں متعارف کرائی گئی دونوں روبوٹک اے آئی اینکرز کو ریاستوں کے مقامی لباس میں پیش کیا گیا ہے۔

ریاست کرناٹکا کے کنڑا زبان کے نیوز چینل نے 12 جولائی کو ’سندریہ‘ نامی اے آئی اینکر کو متعارف کرایا۔

سندریہ کو کسی روایتی نیوز اینکر کی طرح کرسی پر بیٹھ کر خبریں پڑھتے دکھایا گیا تھا اور وہ کنڑا زبان سمیت انگریزی میں بھی خبریں پڑھنے میں مہارت رکھتی ہیں۔

اڑیسہ کے نیوز چینل نے بھی اے آئی سے لیس اینکر ’لیزا‘ کو متعارف کرا دیا جو بیک وقت انگریزی اور اوژیا زبان سمیت دیگر مقامی زبانوں میں بھی خبریں پڑھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

لیزا کو روایتی اڑیسہ کے لباس میں دکھایا گیا اور انہوں نے اپنے تعارف کے وقت خود سے متعلق بتایا کہ وہ اے آئی سے لیس اینکر ہیں اور انہیں امید ہے کہ دیکھنے والے انہیں انسانوں کی طرح عزت دیں گے۔

واضح رہے کہ بھارت میں رواں برس اپریل میں پہلے اے آئی اینکر کو متعارف کرایا گیا تھا جبکہ چین نے 2018 میں ہی پہلے مصنوعی ذہانت سے لیس اینکر کو متعارف کرایا تھا۔

متعلقہ خبریں