سعودی عرب نے سویڈش حکام کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات اور بعض انتہا پسندوں کو قرآن کریم کے نسخوں کو نذرآتش اور بے حرمتی کرنے کی بار بار اجازت دینے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دنیا بھر کے لاکھوں مسلمانوں کے جذبات کو منظم طریقے سے اشتعال دلانے کا ایک عمل ہے ۔
سعودی وزارت خارجہ نے بیان میں مزید کہا کہ وہ سویڈن کے ناظم الامور کو طلب کریں گے اور مملکت کی جانب سےاحتجاجی پیغام ان کے حوالے کریں گے ۔
احتجاجی پیغام میں سویڈش حکام کو ان ذلت آمیز کارروائیوں کو روکنے کے لیے تمام فوری اور ضروری اقدامات کی درخواست کی جائے گی جو تمام مذہبی تعلیمات اور بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں ۔
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب مذاہب کے درمیان نفرت کو ہوا دینے اور لوگوں کے درمیان بات چیت کو محدود کرنے والی ان تمام کارروائیوں کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی اور رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے بھی سویڈن میں دوبارہ قرآن پاک کو جلائے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
