پاکستان میں انتخابات سے متعلق امریکا کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ خارجہ میں پاکستان ڈیسک سے منسلک پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ الزبتھ ہورسٹ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان قرض کی قسط کا معاہدہ طے پانا ایک خوش آئند اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت کا انتخابات منعقد کرانے کا فیصلہ خوش آئند ہے تاہم پاکستان کی سیاست کے بارے میں پاکستانی عوام کو اپنے قوانین اور آئین کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔ کسی ایک سیاسی جماعت کو دوسری پارٹی پر یا کسی ایک امیدوار کو دوسرے پر ترجیح نہیں دیتے۔
الزبتھ ہورسٹ نے کہا کہ چاہتے ہیں پاکستان میں انتخابات آزادانہ اور منصفانہ ہوں۔ وہ ان اصولوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے پاکستان میں منعقد ہونے والے انتخابات کا مشاہدہ کریں گے۔
پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ نے کہا کہ 2022 میں امریکی کمپنیوں کی پاکستان میں غیر ملکی براہِ راست سرمایہ کاری لگ بھگ 250 ملین ڈالر کے برابر رہی۔
گزشتہ دو عشروں میں امریکہ نے پاکستان کو اربوں ڈالر کی امداد فراہم کی۔ یہ غلط تاثر ہے کہ امریکا پاکستان کو بھول گیا ہے۔ پاکستان اور امریکا میں 2022 میں باہمی تجارت کا حجم نو ارب ڈالر رہا ہے جبکہ امریکا نے گزشتہ برس چھ ارب ڈالر کی پاکستانی اشیاء درآمد کیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ آئی ایم ایف اور پاکستان اسٹینڈ بائے معاہدے پر پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ ”میکرو اکنامک“ اصلاحات پر کام کرے جو پائیدار معاشی بحالی کا باعث بنیں۔
بلوچستان اور پشاور میں سکیورٹی فورسز پر حملے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حملوں پر افسوس ہے، پاکستان کو بیشتر ملکوں کے مقابلے میں دہشت گردی کی وجہ سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔ اس لیے امریکا اور پاکستان انسدادِ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم اتحادی ہیں۔
پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ نے کہا کہ امریکا پاکستان کی تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خلاف کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات اور کالعدم ٹی ٹی پی جیسے گروہوں کی وجہ سے پاکستان کو در پیش خطرات سے نمٹنے کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
